بنگلورو،16؍نومبر(ایس او نیوز)کووڈکے معا ملات میں کمی کے پیش نظر بنگلورو شہر میں جاری نائٹ کر فیو کو حکومت نے ہٹا دیا ہے،اس کے باوجود بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ(بی ایم آر سی ایل) ”نما میٹرو“ ریل سرویس کو رات 11بجے تک جاری نہ رکھنے پر مسافروں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔تمام معاشی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آر ٹی سی) اور ریل سرویس حسب معمول رات کے اوقات میں بھی جاری ہیں۔بیرونی علاقوں سے آنے والے افراد کی تعداد میں بھی دن بہ دن اضافہ ہو نے لگا ہے،ان تمام باتوں کو مد نظر رکھ کر میٹرو ریل سرویس کو بھی رات 11بجے تک دوڑانے کی عوام نے مانگ کی ہے۔فی الوقت میٹرو ریل اپنے آخری روٹ پر رات 9بجے روانہ ہو رہی ہے،اس سے سکینڈشفٹ میں کام کرنے والے ملاز موں کو میٹرو ریل کے استعمال سے محروم ہونا پڑ رہا ہے۔السور کے ایک سافٹ ویر انجینئر وشواس ایم راؤ نے بتا یا کہ میٹرو ریل سرویس کو رات`10بجے ہی ختم کردینے کا اقدام ٹھیک نہیں ہے،انہوں نے بی ایم آر سی ایل سے مانگ کی کہ وہ میٹرو ریل سرویس کو رات 11بجے تک جاری رکھیں۔بہتر ٹرانسپورٹ نظام قرار دئے جانے والے کاسمو پالیٹن سٹی بنگلور میں میٹرو ریل سرویس کے رات 10 بجے ختم ہونے سے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میٹرو ریل سرویس کا آغاز صبح6بجے کی بجائے 5بجے سے کیا جائے تو بیرونی علاقوں سے شہر پہنچنے والے افراد کومیٹرو ریل سرویس سے استفادہ کرنے میں آسانی ہو گی۔اس دوران بی ایم آر سی ایل کے مینیجنگ ڈائرکٹر انجم پرویز نے کہا کہ میٹرو ریل سرویس کے اوقات میں توسیع کیلئے سنجیدگی سے غور کر کے بہت جلد قطعی فیصلہ کیا جا ئے گا۔